ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میں بھارت بند کو کامیاب بنانے بہوجن کرانتی مورچہ کی اپیل

بھٹکل میں بھارت بند کو کامیاب بنانے بہوجن کرانتی مورچہ کی اپیل

Tue, 28 Jan 2020 21:50:17    S.O. News Service

بھٹکل :28؍جنوری(ایس اؤ نیوز) شہریت قانون اور این سی آر کی مخالفت میں ملک گیر سطح پر بہوجن کرانتی مورچہ کی جانب سےکل 29/جنوری کو بھارت بند کا جو اعلان کیا گیا ہے، اسے بھٹکل میں بھی کامیاب بنانے کی اپیل کی گئی ہے۔

پرائیویٹ ہوٹل  میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے بہوجن کرانتی مورچہ کی طرف سے آدم پنمبور نے بتایا کہ بھٹکل میں بھارت بند کو  بھٹکل کے مختلف اداروں نے تعاون کرنے کا یقین دلایا ہے، ہماری عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنے کاروباری اور تعلیمی اداروں کو بند رکھ کر سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف اپنی آواز بلند کریں اور اُس وقت تک اپنا احتجاج جاری رکھیں جب تک حکومت اس دستور مخالف قانون کو واپس نہیں لے لیتی۔

آدم نے بتایا کہ بہوجن کرانتی مورچہ ملک گیر سطح پر تین مرحلوں میں اپنی جدوجہد کو جاری رکھا ہے۔ بدھ کو ہونے والا بھارت بند تیسرے مرحلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اُنہیں اگر این آر سی کرنی ہی ہے تو پھر ڈی این اے کی بنیاد پر کرے، تب پتہ چلے گا کہ بھارت کے اصلی  باشندے کون ہیں اور بیرونی باشندے کون ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ اس دستور مخالف قانون کو واپس لئے جانے تک اپنا احتجاج جاری رکھے گا اور حکومت کو یہ قانون واپس لینا ہوگا۔

اس موقع پر شوکت خطیب، محمد یونس رکن الدین ، ایم ایچ منیر احمد، وسیم منیگار وغیرہ موجود تھے۔ پریس کانفرنس کے دوران بھارت بند پر مشتمل پوسٹر کا بھی اجراء کیاگیا۔


Share: